پاک بھارت کشیدگی: پاکستان کی فضائی حدود تمام پروازوں کے لیے بند

پاک بھارت کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان نے سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر ملکی فضائی حدود کو تمام قسم کی پروازوں کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔ اس ضمن میں پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے نوٹم (NOTAM) جاری کر دیا گیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق تمام ملکی و بین الاقوامی پروازیں اتوار کی دوپہر 12 بجے تک معطل رہیں گی، اور اس حوالے سے تمام ایئرپورٹس کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام موجودہ قومی فضائی سلامتی کے تقاضوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدبیر کے طور پر کیا گیا ہے، اور تمام ایئرلائنز کو صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور پروازوں کی بحالی سے متعلق فیصلہ موجودہ حالات کے مطابق کیا جائے گا۔
عوام الناس اور مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سفر سے قبل متعلقہ ایئرلائنز سے رابطہ کر کے تازہ ترین معلومات حاصل کریں تاکہ کسی قسم کی زحمت یا دشواری سے بچا جا سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے بعد یہ اقدام قومی فضائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی ہنگامی یا خطرناک صورتحال کا بروقت اور مؤثر انداز میں سامنا کیا جا سکے۔