خیبر پختونخواعوام کی آواز

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے 36 ارب روپے کے مبینہ کرپشن اسکینڈل کی تحقیقات کا حکم دے دیا

ضلع کوہستان میں ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز نجی بینک اکاؤنٹس میں منتقل کئے جانے کے انکشاف کے بعد وزیراعلیٰ  خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے 36 ارب روپے کے مبینہ کرپشن اسکینڈل کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ نے اس معاملے پر فوری ایکشن لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی انکوائری کی ہدایت جاری کی ہے، جبکہ نیب ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ متعدد ترقیاتی منصوبوں کی رقوم مختلف نجی اکاؤنٹس میں منتقل کی گئیں، جن میں سے ایک ڈمپر ڈرائیور کے اکاؤنٹ میں 3 ارب روپے کی موجودگی بھی سامنے آئی ہے۔ مذکورہ اکاؤنٹ کو فوری طور پر منجمد کر دیا گیا ہے۔

نیب کے مطابق اسکینڈل میں بااثر سیاسی شخصیات، اعلیٰ سرکاری افسران اور محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس (سی اینڈ ڈبلیو) کے ضلعی اہلکار ملوث پائے گئے ہیں۔ یہ رقوم مبینہ طور پر 2018 سے 2024 کے درمیان ترقیاتی بجٹ میں سے نکالی گئیں۔

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ دوسری جانب محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ٹھیکیداروں کی سیکیورٹی رقم سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔

مبصرین کے مطابق یہ اسکینڈل نہ صرف شفاف طرز حکمرانی پر سوالات اٹھا رہا ہے بلکہ دور دراز علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے مستقبل پر بھی گہرے اثرات ڈال سکتا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button