خیبرپختونخوا میں شدید گرمی کا امکان، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

عبدالقیوم
خیبرپختونخوا میں 27 سے 30 اپریل کے دوران گرمی کی شدت میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے اس ضمن میں ایک خصوصی مراسلہ جاری کرتے ہوئے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ان دنوں کے دوران دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے 4 تا 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث ہیٹ اسٹروک، خشک موسمی حالات اور آبی ذخائر پر دباؤ جیسے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 30 اپریل کے بعد ایک مغربی سسٹم صوبے کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، جس سے بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے کسانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی فصلوں کے لیے پانی کا مناسب بندوبست کریں، جبکہ عوام کو دن کے وقت بالخصوص صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک دھوپ سے بچنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ عوامی آگاہی مہم کے ذریعے شہریوں کو گرمی کی اس ممکنہ لہر سے باخبر رکھا جائے گا، جبکہ بچوں اور بزرگوں کو سخت دھوپ میں باہر نکلنے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
ہیلتھ اور ریسکیو سروسز سمیت تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کیا گیا ہے، اور ہیٹ اسٹروک سینٹرز کو فعال رکھنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے مویشیوں اور پالتو جانوروں کی ضروریات کا بھی خاص خیال رکھنے پر زور دیا ہے۔
عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سفر سے قبل گاڑی کے انجن اور ٹائروں کی حالت چیک کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے۔