کیا پشاور کی ہوا واقعی سانس لینے کے قابل نہیں رہی؟

محکمہ ماحولیات کے مطابق پشاور میں مجموعی طور پر ائیر کوالٹی انڈکس (AQI) 167 ریکارڈ کیا گیا ہے، جو صحت کے لیے مضر حد تصور کیا جاتا ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی شدت مختلف سطحوں پر رہی۔ جی ٹی روڈ پر AQI 145، حیات آباد میں 166، ورسک روڈ پر 204 جبکہ دالہ زاک روڈ پر سب سے زیادہ 316 ریکارڈ کیا گیا، جو خطرناک حد کے زمرے میں آتا ہے۔
مزید برآں، محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا، جبکہ صوبے کے جنوبی اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ تاہم بالائی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان اور مانسہرہ میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ گزشتہ روز سوات اور چترال کے بعض علاقوں میں بارش ہوئی، جس کے دوران چترال میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پشاور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا کے دیگر بالائی علاقوں میں سب سے کم درجہ حرارت کالام میں 6 اور مالم جبہ میں 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔