خیبر پختونخواعوام کی آواز

ملک بھر میں ہیٹ ویو کا خدشہ، مگر خیبرپختونخوا اور شمالی علاقوں میں بارش اور آندھی کی پیشگوئی

ملک کے بیشتر حصے شدید گرمی اور خشک موسم کی لپیٹ میں ہیں، تاہم محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بعض علاقوں میں بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ہیٹ ویو سے متعلق ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ملک بھر میں آج سے 27 اپریل تک گرمی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے، جبکہ جنوبی اضلاع میں گرمی کی شدت زیادہ رہے گی۔

موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ چترال، دیر، کوہستان، مانسہرہ اور سوات میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کے امکانات موجود ہیں۔ اتوار کے روز بھی دیر، سوات، کوہستان، چترال اور مانسہرہ کے مختلف علاقوں میں بارش اور آندھی دیکھی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو ریکارڈ کی گئی بارش میں دیر میں 14 ملی میٹر، کالام میں 9 ملی میٹر، دروش میں 4 ملی میٹر، جبکہ پٹن اور بالاکوٹ میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

درجہ حرارت کے حوالے سے پشاور اور بنوں میں 35 ڈگری سینٹی گریڈ، ڈیرہ اسماعیل خان میں 39 ڈگری، کالام میں 16 ڈگری، مالم جبہ میں 18 ڈگری، چترال میں 22 ڈگری، جبکہ دیر میں 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ گرمی کی شدت سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بالخصوص دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button