خیبرپختونخوا میں بارشوں کے باعث حادثات، 2 جاں بحق، 9 زخمی

خیبرپختونخوا میں 16 اپریل سے جاری بارشوں اور ژالہ باری کے باعث مختلف حادثات میں دو افراد جانبحق جبکہ نو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جانبحق ہونے والوں میں ایک مرد اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں چار مرد، تین خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران مختلف اضلاع چارسدہ، خیبر، شانگلہ، بٹگرام اور چترال لوئر میں پیش آنے والے حادثات میں مجموعی طور پر 11 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کی جائے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات مہیا کی جائیں۔ مزید یہ کہ بند شاہراہوں کو کھولنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے جبکہ پی ڈی ایم اے تمام ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ عوام کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں 1700 پر اطلاع دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔