خیبرپختونخوا میں آج بھی آندھی، ژالہ باری اور طوفانی بارش کی پیشگوئی

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، کرم، باجوڑ، اور مہمند میں آج بھی آندھی، بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ گزشتہ روز صوبے کے کئی علاقوں میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچائی۔
ضلع خیبر میں ایک گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی جبکہ آسمانی بجلی گرنے سے فرنٹیئر کور (ایف سی) کا ایک اہلکار جان کی بازی ہار گیا۔ بٹگرام میں پہاڑوں سے آنے والے پانی نے متعدد موٹرسائیکلیں بہا دیں، جبکہ شدید بارش کے باعث باغات اور کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا۔
علاوہ ازیں گزشتہ روز پاک افغان شاہراہ پر سیلاب کے باعث تجارتی سرگرمیاں تقریباً پانچ گھنٹوں کے لیے معطل رہیں۔ افغان بارڈر کراسنگ پر آمد و رفت کرنے والے مسافر بھی شدید مشکلات سے دوچار رہے۔ لنڈی کوتل کے افغان ٹرانزٹ کیمپ میں بارش کا پانی بھر جانے سے غیر قانونی افغان تارکین وطن کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔