وزیراعظم کے مشیر داخلہ پرویز خٹک سے افغان سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد میں وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ پرویز خٹک نے افغانستان کے قائمقام سفیر مولوی سردار احمد شکیب سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار، باہمی بااعتماد اور دوطرفہ تعاون پر مبنی تعلقات کے فروغ پر اتفاق ہوا۔ ساتھ ہی دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ علاقائی امن پاکستان اور افغانستان دونوں کے مفاد میں ہے، اب وقت آگیا ہے کہ علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے سنجیدہ کوششیں ہونی چاہیئے۔
ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔ پاک افغان سرحد پر تجارتی سرگرمیوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔
تجارت کی غرض سے آنے والے افغان تاجروں کی سہولت کے لئے بارڈر پر خصوصی ڈیسک کے قیام کو بھی انتہائی ضروری قرار دیا گیا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کی مضبوطی خطے اور عوام کے مفاد میں ہے۔