جنوبی وزیرستان لوئر میں "ہر بچے کو اسکول میں داخل کرو” مہم کا انعقاد

ضلع جنوبی وزیرستان لوئر کے مختلف علاقوں میں آج "ہر بچے کو اسکول میں داخل کرو” کے نعرے کے تحت داخلہ مہم کا انعقاد کیا گیا، جس کا اہتمام وانا ویلفیئر ایسوسی ایشن (واوا) نے کیا۔ مہم میں والدین، اساتذہ، علما کرام، مشران، سماجی کارکنوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مہم کے دوران متعدد والدین نے فوری طور پر اپنے بچوں کو اسکولوں میں داخل کرنے کا اعلان کیا۔۔ یہ مہم وانا، برمل، شکئی، سپین، تنائی اور دیگر علاقوں میں نکالی گئی۔ ریلیوں، آگاہی واکس اور تقریبات میں شرکاء نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔ مہم کی سب سے بڑی ریلی وانا بازار سے نکالی گئی جو گورنمنٹ ہائی اسکول وانا پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس ریلی میں شریک افراد نے "ہر بچہ، ہر بچی، اسکول میں” جیسے نعرے بلند کئے اور تعلیمی شعور اجاگر کیا۔
وانا ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر، رحمت اللہ وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور واوا ہر سال یہ مہم جاری رکھتی ہے تاکہ قبائلی اضلاع میں تعلیمی بیداری بڑھائی جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان لوئر، ناصر خان نے ریلی میں شرکت کی اور واوا کی کوششوں کو سراہا، ساتھ ہی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تعلیم کے فروغ کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
جنوبی وزیرستان لوئر جیسے دور افتادہ اور قبائلی پس منظر رکھنے والے علاقے میں تعلیمی آگاہی کی ایسی مہم اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ یہاں کے لوگ اب تبدیلی چاہتے ہیں، ترقی چاہتے ہیں، اور یہ سب تب ہی ممکن ہے جب ہر بچہ زیورِ تعلیم سے آراستہ ہوگا۔