خیبر پختونخواعوام کی آواز

دارالعلوم حقانیہ اور بنوں دھماکوں کے خودکش حملہ آوروں کی شناخت کر لی گئی ہے، آئی جی کے پی

انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے نوشہرہ اور بنوں میں ہونے والے دھماکوں کی تحقیقات کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں دھماکوں کی سی سی ٹی وی ویڈیوز حاصل کر لی گئی ہیں اور خودکش حملہ آوروں کے اعضاء سے ان کی شناخت کر لی ہے۔

آئی جی کے پی نے مزید بتایا کہ بنوں میں ہونے والے واقعے میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کی ٹریکنگ بھی کی جا چکی ہے اور اس واقعے میں غیر ملکی اسلحہ کا استعمال بھی کیا گیا تھا۔ اسلحے کی ٹریکنگ جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ اسلحہ کس ملک سے آیا اور کس طریقے سے فراہم کیا گیا۔

ذوالفقار حمید نے کرم میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس خطے میں حالات خراب کرنے والے 100 سے زائد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کرم میں اب دہشت گردی کا عنصر بھی سامنے آ چکا ہے، لیکن اس کے سدباب کے لیے ایک الگ حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے اور امید ہے کہ مزید کوئی بڑا واقعہ نہیں ہوگا۔

آئی جی کے پی نے کہا کہ چند ماہ میں کرم میں پائیدار امن قائم کرنے میں کامیابی حاصل کر لی جائے گی۔ اس سلسلے میں سیف سٹی پراجیکٹ کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے تحت چند ماہ میں یہ پراجیکٹ مکمل کر لیا جائے گا، جو کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہو گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button