بنوں کینٹ خودکش دھماکے کے متاثرین میں امدادی چیکس تقسیم

احسان خٹک
بنوں کینٹ میں ہونے والے خودکش دھماکے کے متاثرین میں امدادی چیکس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں رکن قومی اسمبلی مولانا نسیم علی شاہ، ڈپٹی کمشنر بنوں عبدالحمید خان، مولانا عبدالغفار قریشی، حکمت یار خان اور ملک حشمت خان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر 12 شہداء اور 40 زخمیوں میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 50 لاکھ روپے کی امدادی رقم تقسیم کی گئی۔ ہر شہید کے خاندان کو 10 لاکھ روپے جبکہ شدید زخمیوں کو فی کس 3 لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی امدادی رقم دی گئی۔
تقریب کے دوران، رکن قومی اسمبلی مولانا نسیم علی شاہ نے متاثرہ خاندانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ہم جانتے ہیں کہ اس امدادی رقم سے آپ کے دکھوں کا مکمل مداوا نہیں ہو سکتا، مگر یہ ایک پیغام ہے کہ حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور مزید معاونت کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ہم آپ کی مدد کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔”
ڈپٹی کمشنر بنوں عبدالحمید خان نے کہا کہ "گھروں کو پہنچنے والے نقصانات کا سروے مکمل کر لیا گیا ہے اور جلد ہی متاثرہ گھروں کے مالکان کو معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔”
مقررین نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ہم کسی بھی صورت متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔” انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے سیکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں۔
آخر میں، علاقے کے سابقہ ناظم ملک ابرار خان نے رکن قومی اسمبلی مولانا نسیم علی شاہ، ڈپٹی کمشنر بنوں عبدالحمید خان، ملک حکمت یار خان اور حشمت خان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔ بعد ازاں، انہوں نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور نقصانات کا جائزہ لیا۔