لکی مروت: پولیس اہلکار کی شہادت کو 6 ماہ ہو گئے، بیوہ اور بچوں کی فاقہ کشی کی حالت
شہید پولیس اہلکار کی بیوہ کی درخواست، 6 ماہ بعد بھی شہداء پیکج اور تنخواہ نہیں ملی

غلام اکبر مروت
شہید پولیس اہلکار کی بیوہ ناہید بی بی اور ان کے 10 بچے شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں کیونکہ انہیں ابھی تک شہداء پیکج اور تنخواہ نہیں ملی۔ شہید پولیس اہلکار عبدالرحمن کی بیوہ نے اس معاملے پر پولیس افسران کو خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے اپنی مشکلات کا ذکر کیا ہے۔
ستمبر 2024 میں پولیس اہلکار عبدالرحمن کو دہشتگردوں نے مسجد سے نکلتے ہوئے شہید کر دیا تھا۔ وہ تھانہ صدر بنوں میں تعینات تھے اور ان کی شہادت کو چھ ماہ گزر چکے ہیں، لیکن ابھی تک نہ تو شہداء پیکج ملا ہے اور نہ ہی ان کی تنخواہ ادا کی گئی ہے۔
ناہید بی بی نے ڈی پی او لکی مروت، آرپی او بنوں اور آئی جی خیبرپختونخوا کو لکھے گئے خط میں اپنی 9 بچیوں اور بارہ سالہ بیٹے کے ساتھ درپیش معاشی مشکلات کا ذکر کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ قرض لے کر اور مختلف دفاتر کے چکر لگا کر تھک چکی ہیں، مگر اب تک ان کی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔
ناہید بی بی نے ٹی این این کو بتایا کہ موجودہ معاشی حالات اتنے سنگین ہوگئے ہیں کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔
اس حوالے سے جب ضلعی پولیس ترجمان سے ڈی پی او کا موقف طلب کیا گیا تو انہوں نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا۔