خیبر پختونخواعوام کی آواز

لیبیا کشتی حادثہ: مزید چھ پاکستانیوں کے جسد خاکی وطن پہنچ گئیں

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے شہداء کے لواحقین کے لیے فی کس 10 لاکھ روپے شہداء پیکج کا اعلان کیا۔

لیبیا میں حالیہ کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے مزید چھ پاکستانیوں کی میتیں اسلام آباد پہنچا دی گئیں۔ گزشتہ روز بھی چھ پاکستانیوں کی لاشیں اسلام آباد پہنچا کر پشاور لے جائی گئی تھیں، جبکہ آج نو افراد کی لاشوں کو پاراچنار پہنچایا جائے گا اور انہیں اپنے آبائی قبرستانوں میں دفنایا جائے گا۔

پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم ایم این اے حمید حسین کے مطابق، کل پہلی فلائٹ میں اورکزئی کے محمد علی شاہ کی میت سمیت پاراچنار کے مصور حسین، شعیب علی، عابد حسین، مصائب حسین اور شعیب علی کی لاشیں لیبیا سے قطر ایئر ویز کے ذریعے اسلام آباد لائی گئیں۔

اس کے بعد مزید چھ پاکستانیوں کی لاشیں بھی پاکستان لائی گئیں، جن میں پاراچنار کے حیدر ثقلین، آصف علی، اشفاق حسین، نصرت حسین، باجوڑ کے سیراج الدین اور پشاور کے انیس خان کی لاشیں شامل ہیں۔

ایم این اے حمید حسین نے مزید بتایا کہ مزید چار پاکستانیوں کی لاشیں کل صبح 7:25 پر قطر ایئر ویز کی پرواز سے اسلام آباد پہنچیں گی۔

دفتر خارجہ کے مطابق پانچ فروری کو لیبیا میں کشتی ڈوبنے کے حادثے میں 16 پاکستانیوں کی لاشوں کی شناخت کی جا چکی ہے، جبکہ حادثے میں دس پاکستانی ابھی تک لاپتہ ہیں۔

کل راستوں کی بندش اور موسم کی خرابی کی وجہ سے میتیں پاراچنار نہیں پہنچائی جا سکیں، تاہم آج ہیلی کاپٹر کے ذریعے میتوں کو پاراچنار پہنچا کر دفنایا جائے گا۔

دوسری جانب کشتی حادثے میں جانبحق ہونے والے ضلع اورکزئی سے تعلق رکھنے والے محمد علی شاہ کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد کل اپنے آبائی قبرستان میں دفن کیا گیا تھا۔

لیبیا کشتی حادثے میں شہید ہونے والے مسافروں کی جسد خاکی صوبائی وزیر ملک نیک محمد نے پشاور ائیرپورٹ پر وصول کی۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر شہداء کے جسد خاکی کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ان کے آبائی علاقوں تک پہنچانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے۔

وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا نے شہداء کے لواحقین کے لیے فی کس 10 لاکھ روپے شہداء پیکج کا اعلان کیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button