عوام کی آوازقبائلی اضلاع

پاراچنار: ضلع کرم میں 266 بنکرز مسمار، 100 افراد گرفتار، امن معاہدے کے بعد آپریشن جاری

پاراچنار: ضلع کرم میں فریقین کے مابین امن معاہدے کے بعد اب تک 266 بنکرز مسمار کیے جا چکے ہیں، جبکہ دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائی میں تقریباً 100 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب، گزشتہ پانچ ماہ سے تھری جی اور فور جی سروسز سمیت آمد و رفت کے راستے بند ہونے سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق، ضلع کرم میں فریقین کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کے بعد بنکرز کے خاتمے کا عمل جاری ہے، جبکہ مزید بنکرز بھی مسمار کیے جا رہے ہیں۔ تاہم، علاقے میں جاری کشیدگی کے باعث مین شاہراہ سمیت دیگر آمد و رفت کے تمام راستے بند ہیں، جس سے تجارتی سرگرمیاں معطل اور بازار سنسان پڑے ہیں۔

اشیائے خوردونوش کی شدید قلت کے باعث شہری مشکلات سے دوچار ہیں، جبکہ دوائیوں اور طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے سبب کم عمر بچوں اور بزرگوں کی اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

تاجر رہنما حاجی امداد کے مطابق، رمضان المبارک کے لیے لایا گیا سامان لوئر کرم کے علاقے بگن، اوچت اور مندوری میں لوٹ لیا گیا، جس کی وجہ سے بازاروں میں خوراک کی شدید قلت ہے اور تاجروں کا روزگار دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہے۔ انہوں نے حکومت سے فوری ریلیف پیکج فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

سماجی رہنما میر افضل خان کا کہنا تھا کہ بار بار ایک ہی علاقے میں دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں، جس پر حکومت کو سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اپر کرم کے عوام کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ پانچ ماہ سے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، اس لیے رمضان المبارک کی آمد پر خصوصی پیکج کا اعلان کیا جائے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button