پشاور: ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کی بحالی میں تاخیر سے لاگت میں ایک ارب روپے کا اضافہ

انور زیب
پشاور میں ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کی بحالی اور تعمیر نو کے کام میں تاخیر کی وجہ سے لاگت میں ایک ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ کھیل کی جانب سے وزیر اعلیٰ کے پی امین گنڈا پور کے لیے لکھی گئی سمری میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق، ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر نو کا کام 2018 میں شروع کیا گیا تھا اور اس وقت اس منصوبے کی لاگت کا تخمینہ ایک ارب 37 کروڑ روپے تھا۔ تاہم، سات سال گزرنے کے باوجود یہ منصوبہ مکمل نہیں ہو سکا، جس کے باعث اس کی لاگت میں اضافہ ہوا۔
2021 میں منصوبے کی لاگت بڑھ کر ایک ارب 94 کروڑ روپے تک پہنچ گئی، اور جب منصوبہ مکمل نہ ہو سکا تو گزشتہ سال ایک بار پھر اس کی لاگت بڑھا دی گئی۔ اب 2024 میں منصوبے کی لاگت تیسری بار بڑھا کر دو ارب 31 کروڑ روپے کردی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا حکومت نے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے عمران خان کرکٹ سٹیڈیم رکھنے کا فیصلہ کیا تھا جس کی منظوری وزیر اعلی علی امیں گنڈاپور نے دی تھی۔