کراچی: زیرِسمندر انٹرنیٹ کیبل کو پاکستان سے جوڑنے کا کام جاری
نئی کیبل سے امید ہے کہ انٹرنیٹ کا مسئلہ حل ہو جائے گا، انٹرنیٹ سپیڈ بڑھے گی۔ پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن
کراچی میں زیرِسمندر انٹرنیٹ کیبل کو پاکستان سے جوڑنے کا کام جاری ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق کیبل 2025 کی چوتھی سہ ماہی تک پاکستان میں فعال ہو گی، پہلے مرحلے میں کیبل کا پی ایل ایس ای کراچی ہاکس بے پر اتارا گیا ہے۔
دوسرے مرحلے میں گہرے سمندر میں کیبل بچھانے کا عمل اپریل 2025 سے شروع ہو گا، کیبل 2 افریقہ سے پاکستان کو 24 ٹیرابائٹس بینڈوتھ دستیاب ہو گی۔
اس وقت پاکستان کو زیرسمندر 7 کیبلز سے تقریباً 8 ٹیرابائٹس بینڈوتھ دستیاب ہے، یہ کیبل اگلے کئی سال فائیو جی کی ضروریات پوری کر سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کا آپریشن؛ 13 دہشتگردوں کو ٹھکانے لگا دیا
پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن کے مطابق نئی کیبل سے امید ہے کہ انٹرنیٹ کا مسئلہ حل ہو جائے گا، انٹرنیٹ سپیڈ بڑھے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ نے اعتراف کیا تھا کہ ملک میں انٹرنیٹ کی اسپیڈ اس طرح نہیں ہے جیسے ہونی چاہیے۔
انٹرنیٹ سپیڈ میں کمی پر حکومتی اتحادی پیپلزپارٹی نے حکومت پر چڑھائی کی تھی۔ قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ ہنسی آ رہی تھی کہ ایسی انٹرنیٹ سپیڈ میں ڈیجیٹل نیشن بل لایا گیا، فائر وال سن سن کر کان پک گئے ہیں۔