چینی مہنگی، فی کلو قیمت میں مبینہ طور پر 10 سے 15 روپے کا اضافہ
بڑے دکاندار ایک کلو چینی 130 سے 135 روپے، ایکس مل ریٹ 115 سے 125روپے، جبکہ چھوٹے دکاندار 20 روپے اض ذرائعافے کے ساتھ چینی 140سے 150 روپے فی کلو میں بیچ رہے ہیں۔
ملک میں چینی مہنگی، فی کلو قیمت میں مبینہ طور پر 10 سے 15 روپے اضافہ کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سٹے باز اور ذخیرہ اندوز رواں ہفتے کے آغاز سے ہی چینی مہنگی کرنے کے لیے متحرک ہو گئے تھے جس کے نتیجے میں چینی کی فی کلو قیمت میں 10 سے 15 روپے اضافہ ہو اہے۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ بڑے دکاندار ایک کلو چینی 130 سے 135 روپے، ایکس مل ریٹ 115 سے 125روپے، جبکہ چھوٹے دکاندار 20 روپے اضافے کے ساتھ چینی 140سے 150 روپے فی کلو میں بیچ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لکی مروت میں گیس کے نئے ذخائر دریافت
ڈیلرز نے دسمبر کے دوران تھوک میں چینی کی فی کلو قیمت 128 اور جنوری میں 133روپے ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ فیوچر ٹریڈ کے نام پر جنوری میں قیمت مزید 8 روپے بڑھ سکتی ہے۔
وفاقی حکومت کی تردید
ادھر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے ملک میں چینی کی قیمت میں اضافے سے متعلق خبروں کی تردید کی ہے۔
میڈیا کو جاری ایک بیان میں وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ چینی کی قیمت 140 روپے کی حد سے کم، ریٹیل 130 اور ہول سیل 124 سے 125 روپے ہے۔
رانا تنویر حسین کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر چینی کی قیمت کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے؛، میڈیا کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے اور غلط معلومات نہ پھیلائیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ چینی کی قیمت پر کنٹرول کے لیے حکومت کے موثر اقدامات جاری ہیں، عوام کو یقین دلایا گیا کہ چینی کی قیمت قابو میں ہے۔
واضح رہے کہ بعض میڈیا چینلز پر چینی کی قیمت میں 10سے 15روپے فی کلو اضافے کی خبریں شائع کی گئی ہیں۔