وادی تیراہ میں امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ریاض خان محسود
امن کا قیام ضلع خیبر کی تمام سیاسی و سماجی شخصیات، مشران و ملکانان، نوجوانوں اور بلدیاتی نمائندگان کے تعاون سے ہی ممکن ہو گا۔ کمشنر پشاور ڈویژن
ڈپٹی کمشنر آفس خیبر میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی سربراہی، اور ضلعی انتظامیہ خیبر کی زیرنگرانی، میں وادی تیراہ میں بڑھتی ہوئی بدامنی کے خاتمے اور امن و امان کی بحالی سے متعلق جرگہ کا انعقاد ہوا۔
جرگہ میں ممبر قومی اسمبلی آقبال آفریدی، ممبر صوبائی اسمبلی عبد الغنی آفریدی، کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر پشاور قاسم خان، ڈپٹی کمشنر خیبر کیپٹن (ر) بلال شاہد راو، ضلعی پولیس افسر رائے مظہر اقبال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احسان اللہ، نعمان علی شاہ،گل نواز، اور لنڈی کوتل، جمرود، اور باڑہ کے اسسٹنٹ کمشنرز و تحصیلداروں سمیت سیاسی و سماجی شخصیات، قبائلی مشران اور ملکانان نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر کے افسر نے کسٹم ہاؤس پشاور کے سامنے شہری کو قتل کر دیا
اِس موقع پر اپنے خطاب میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے ضلع بھر کی مجموعی سیکورٹی صورتحال، اور باالخصوص تیراہ میں حالیہ واقعات پر تفصیلی بحث کی اور کہا کہ ضلع خیبر اور تیراہ میں امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے؛ اور یہ کہ امن کا قیام ضلع خیبر کی تمام سیاسی و سماجی شخصیات، مشران و ملکانان، نوجوانوں اور بلدیاتی نمائندگان کے تعاون سے ہی ممکن ہو گا۔
انہوں نے کہا: "ضلع خیبر بشمول وادی تیراہ کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے جس کیلئے ہماری پولیس اور سیکورٹی فورسز اقدامات کر رہی ہیں۔ صوبائی حکومت نے بھوٹان شریف اور پیر میلہ کے متاثرین کیلئے ایک کروڑ 30 لاکھ روپے کی مالی امداد منظور کی ہے جو کہ متاثرہ خاندانوں کو جلد دی جائے گی۔ اس کے علاوہ تیراہ کے تمام قبائلی مشران و ملکانان کی جانب سے خصوصی کمیٹیوں کے لئے نام تجویز کئے گئے ہیں جو اعلی سول و عسکری حکام کے ساتھ جرگہ میں شرکت کریں گے اور موجودہ سیکورٹی صورتحال پر اپنا موقف، سفارشات و گزارشات پیش کریں گے جن کی روشنی میں مشترکہ و متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔”