پولیس ایکٹ ترمیمی بل کا مسودہ تیار، جلد ایوان میں پیش کیا جائے گا
پولیس ایکٹ ترمیمی بل 2024ء منظوری کے لیے بہت جلد ایوان میں پیش کیا جائے گا۔
ترمیمی بل کے ذریعے پولیس کارکردگی میں بہتری اور عوام کا تحفظ یقینی بنائی جائے گی اور بل کے ذریعےعوامی شکایات کے ازالے کا ایک مؤثر طریقہ کار متعارف ہوگا۔
ترمیمی بل متن کے مطابق کسی بھی پولیس افسر کے خلاف شکایت کو ریکارڈ کیا جائے گا، اگر شکایت ریکارڈ کے قابل نہ ہو تو شکایت کنندہ کو آگاہ کیا جائے گا۔
ایف آئی آر درج نہ کرنا اور مدد کے لیے بلانے پر ردعمل نہ دینا قابل شکایت عمل ہوگا۔ اس کے علاوہ غیر ضروری طاقت کا استعمال، بد تمیزی یا توہین آمیز زبان کا استعمال قابل شکایت عمل ہوگا۔
بل میں مزید بتایا گیا ہے کہ پولیس افسران نے اپنی قانونی یا اخلاقی ذمے داری پوری نہیں کی تو یہ فعل قابل شکایت ہوگا۔ کسی شخص کی پولیس حراست میں موت یا شدید چوٹ پر انکوائری ہوگی۔
مزید یہ کہ پولیس کی ناکامی کی وجہ سے کسی کی موت یا چوٹ پر انکوائری ہوگی، ٹریفک حادثے میں پولیس کے ملوث ہونے پر بھی آزادانہ انکوائری ہوگی۔
اس کے علاوہ شکایات کے ازالے کے لئے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ کاروائی کی جائے گی۔