خیبر: کشیدہ صورتحال کے پیش نظر وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اجلاس
ضلع خیبر میں حالیہ پیش آنے والی صورتحال کے پیش نظر وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں حکومتی اور اپوزیشن اراکین صوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اور پارلیمنٹیرینز کا اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں صوبے کے تمام پارلیمنٹیرینز کو شامل کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ وفاق کی جانب سے وزیر داخلہ پشاور کا دورہ بھی متوقع ہے تاکہ صورتحال کا پر امن حل نکالا جا سکے۔
اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کے اراکین نے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی۔ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ پی ٹی ایم کے قومی جرگے کے انعقاد اور حالیہ ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے، جس میں حکومتی اور اپوزیشن اراکین شامل ہوں گے۔
کمیٹی کے اراکین نے ان پر اعتماد کیا ہے کہ وہ اس مسئلے کا حل تلاش کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ لوگوں کے جان و مال کی حفاظت ان کی ذمہ داری ہے۔ وفاقی حکومت نے بھی حکومتی اور اپوزیشن اراکین کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔