خیبر: باڑہ بازار میں انتظامیہ کا آپریشن، غیر قانونی اڈوں اور تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی
خیبر، باڑہ بازار میں ضلعی انتظامیہ، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن، اور پولیس نے مشترکہ طور پر تجاوزات اور غیر قانونی اڈوں کے خلاف آپریشن کیا۔ اس دوران سات غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈے سیل کیے گئے اور متعدد دیگر تجاوزات کو ختم کیا گیا۔
تاہم آپریشن کے بعد مقامی لوگوں نے سیل توڑ کر دوبارہ اڈے کھول لیے، جس پر انتظامیہ نے اسسٹنٹ کمشنر کے ذریعے پولیس کو مراسلہ جاری کیا کہ غیر قانونی اڈوں کے مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔ انتظامیہ نے شاکر، سخی جان، اور باغ حرم نامی افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست بھی دی۔
علاوہ ازیں، خیبر چوک میں سڑک پر کھڑی سواریوں کو بٹھانے پر 50 ٹیکسی ڈرائیورز کو گرفتار کر کے جیل منتقل کیا ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ باڑہ بازار میں تجاوزات اور غیر قانونی اڈوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام غیر قانونی عناصر کو ختم کیا جائے گا۔