لکی مروت، پولیس اہلکاروں کا دھرنا جاری، دیگر اضلاع سے پولیس اہلکار احتجاج کیلئے آنا شروع
غلام اکبر مروت
پولیس پر پے در پے حملوں کے خلاف کل سے پولیس ملازمین کا لکی مروت میں تاجہ زئی چوک پر دھرنا جاری ہے۔ دھرنے کی وجہ سے پشاور کراچی انڈس ہائی وے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہے۔ احتجاجی پولیس ملازمین نے رات کو نماز عشاء اور آج صبح نماز فجر بھی سڑک پر ادا کی۔
اس سے قبل کل رات گئے ڈی پی او لکی مروت تیمورخان ، آر پی او بنوں عمران شاہد٬ ڈی پی او بنوں ضیاء الدین احمد اور ڈپٹی کمشنر لکی مروت فہد وزیر سے پولیس ملازمین کے مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں کیونکہ احتجاج کرنے والے پولیس ملازمین کا پہلا مطالبہ ضلع لکی مروت سے پاک فوج کا انخلاء ہے۔
دھرنے سے پشاور کراچی انڈس ہائی وے پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں ہیں ،مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے اور ہزاروں کی تعداد میں مسافروں نے رات سڑک پر گزاری۔
احتجاجی پولیس ملازمین کا کہنا ہے کہ آج کے دھرنے میں ضلع کرک، ضلع بنوں، ضلع ٹانک اور ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے پولیس ملازمین کی کثیر تعداد بھی شامل ہو جائے گی۔
آر پی او بنوں سے مذاکرات کی ناکامی کے بعد آج آئی جی پولیس خیبر پختونخوا اور سیکیورٹی فورسز کے افسران کی مذاکرات کے لئے لکی مروت آمد متوقع ہے۔