خیبرپختونخوا حکومت کا بھتہ خوروں کے بعد بھتہ دینے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کا فیصلہ
خیبرپختونخوا حکومت نے بھتہ خوروں کے خلاف کارروائی کے بعد اب بھتہ دینے والوں کے خلاف بھی سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی حکومت نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ بڑی تعداد میں کنٹریکٹرز، مائنز لیز ہولڈرز، اور کاروباری شخصیات سے متعلق بھتہ دینے کی اطلاعات ملی ہیں۔
محکمہ داخلہ کے ذرائع کے مطابق، بھتہ دینے والوں کا ڈیٹا مرتب کیا جائے گا اور سی ٹی ڈی کے ذریعے جامع کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے علاوہ، بھتہ خوروں کے سرحد پار سے آنے والی کالز اور پوائنٹ آف کنٹیکٹ کو بھی ٹریس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پوائنٹ آف کنٹیکٹ کو ٹریس کرنے کے لیے وفاقی سطح پر تیسری بار رابطہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
پنجاب میں سی ٹی ڈی کو کال ٹریس اور پوائنٹ آف کنٹیکٹ تک رسائی حاصل ہے، لیکن وفاقی حکومت نے بھتہ خوری کی روک تھام کے لیے ابھی تک کوئی ٹاسک فورس تشکیل نہیں دی ہے۔