ماہانہ ایڈوانس ٹیکس، خیبر پختون خواہ میں بھی 28 اگست کو کاروبار بند رکھنے کی کال
محمد سلمان
تنظیم تاجران خیبر پختون خواہ نے بھی 28 اگست بروز بدھ کو صوبہ بھر میں تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند رکھنے کی کال دے دی ہے. یہ کال ایک ایسے وقت میں دی گئی ہے جہاں فیڈرل بورڈ آف ریوینو ( ایف بی آر ) کی جانب سے ملک بھر کے سبھی کاروباری طبقے پر تاجر دوست سکیم کے تحت ہزاروں روپے ماہانہ ایڈوانس ٹیکس لاگو کیا گیا ہے۔
ملکی سطح پر ایک روزہ ہڑتال کا فیصلہ اسلام اباد میں کیا گیا، جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے تاجروں کی سبھی تنظیموں نے شرکت کی۔ آل پاکستان تاجر تنظیموں کی کال پر خیبر پختون خواہ کی سب سے بڑی تاجر تنظیم نے بھی انہیں مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔
تنظیم تاجران خیبر پختون خواہ کے صدر ملک مہر الہی نے ٹی این این کو بتایا کہ اسلام آباد میں تاجر تنظیموں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں ایک روزہ مکمل شٹر ڈاؤن کیا جائے گا اگر ایف بی آر اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہا تو دوسرے مرحلے میں 2 روزہ ہڑتال اور پھر اسی طرح 1 ہفتے ہڑتال کی کال دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پشاور میلاد چوک میں سب سے بڑا احتجاجی کیمپ لگایا جائے گا جہاں سبھی کاروباری حضرات جمع ہوںگے اور بعد میں وہاں سے ایک ریلی نکالی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر احتجاجوں سے بھی مسئلہ حل نہیں ہوا تو پھر ہماری حکمت عملی یہ ہے کہ جن بازاروں، مارکیٹوں میں ایف بی آر کے نمائندے ٹیکس چالان دینے آئیں گے تو تمام کاروباری مراکز فورا بند کر دیئے جائیں گے۔
اس کے ساتھ اگر امن و امان کا مسئلہ پیش آتا ہے تو اس کی ذمہ داری بھی ایف بی آر پر عائد ہوگی ملک مہر الہی نے کہا کہ 28 اگست کو ہونے والی ہڑتال کے سلسلے میں صوبہ بھر کے تاجر تنظیموں سے رابطے شروع کر دیئے ہیں جنہوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے۔