پاکستان نے شاہین-II بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا
پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین-II کا کامیاب تجربہ کیا ہے، جس کا مقصد ٹروپس کی تربیت اور مختلف تکنیکی پیرامیٹرز کی توثیق تھا۔ اس تجربے کا بنیادی مقصد میزائل کی درستگی اور بقا کے مختلف ذیلی نظاموں کی کارکردگی کا جائزہ لینا بھی تھا۔ اس کامیابی میں سائنسدانوں نے اہم کردار ادا کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، بیلسٹک میزائل کے تجربے کا مشاہدہ اسٹریٹیجک پلانز ڈویژن، آرمی اسٹریٹیجک فورسز کمانڈ، سائنسدانوں اور اسٹریٹیجک تنظیموں کے سینئر افسران نے کیا۔ ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹیجک پلانز ڈویژن نے سائنسدانوں کی تکنیکی صلاحیت، عزم، اور لگن کو سراہا، جن کی محنت سے یہ تاریخی کامیابی ممکن ہوئی۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے بیلسٹک میزائل شاہین-II کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔