پشاور میں خونی ڈکیتی کا معمہ حل، تین ملزمان گرفتار، قیمتی سامان اور آلہ قتل برآمد
پشاور کے علاقے تھانہ بھانہ ماڑی کی حدود میں خیبر ویڈنگ ہال کے قریب الٹراساونڈ مشین گودام میں 4 روز قبل ہونے والی خونی ڈکیتی کے معاملے میں پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
سی سی پی او قاسم علی خان اور ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی ڈویژن احسان شاہ کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ ٹیم نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے مشکوک افراد کو شامل تفتیش کیا۔
تفتیشی ٹیم نے ڈکیتی میں استعمال ہونے والی سوزوکی اور رکشہ کا سراغ لگا کر ملزمان کی نشاندہی کی۔ اس دوران ملزم عبدالرحمان کو گرفتار کیا گیا، جس کی نشاندہی پر مرکزی ملزم علی نور کو بھی پکڑ لیا گیا۔ علی نور کے قبضے سے 9 MM پستول بمعہ سلنسر برآمد ہوا۔
گرفتاری کے دوران، ملزمان نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں علی نور زخمی ہو گیا۔ پولیس نے جوابی فائرنگ کی اور ملزم امجد کو بھی گرفتار کیا، جس کے قبضے سے 30 بور پستول برآمد ہوئی۔
پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر 5 الٹراساونڈ مشینیں، قیمتی موبائل فونز اور دیگر سامان بھی برآمد کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔