خیبر پختونخواعوام کی آواز

پشاور:جھکڑ اور تیز بارشوں کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق 15 افراد زخمی، پی ڈی ایم اے

پچھلے 48 گھنٹوں کے دوران جھکڑ، تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث خیبر پختونخوا میں جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ پی ڈی ایم اے (پروینشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی) نے جاری کر دی ہے۔ حالیہ قدرتی آفات کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق جبکہ 15 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں 4 مرد، 4 خواتین اور 11 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 6 مرد، 3 خواتین اور 6 بچے شامل ہیں۔ تیز آندھی اور بارش کے باعث 61 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 37 گھروں کو جزوی اور 24 گھروں کو مکمل نقصان ہوا۔

نقصانات کے علاقوں میں کوہاٹ، باجوڑ، چترال (اپر و لوئر)، دیر (اپر)، کوہستان (اپر و لوئر)، ایبٹ آباد، ہری پور، سوات، چارسدہ، صوابی، ساوتھ وزیرستان اور ہنگو شامل ہیں۔ پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور بند شاہراہوں کو کھولنے کے لیے مشنری کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متاثرین کو جلد مالی و امدادی معاونت فراہم کریں۔ متعلقہ ادارے اور تمام ضلعی انتظامیہ مسلسل رابطے میں ہیں اور صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام کو تنبیہ کی ہے کہ جب تک حالات معمول پر نہ آئیں، سیاح سیاحتی مقامات کی جانب سفر کرنے سے گریز کریں۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے، موسمی حالات، سٹرکوں کی بندش یا رہنمائی کے لیے 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button