لکی مروت میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین مزدور جاں بحق ، لواحقین سراپا احتجاج
لکی مروت میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین مزدور جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق رات گئے فائرنگ کا واقعہ بھٹہ خشت میں پیش آیا جہاں مزدوری کے لیے جانے والے 3 مزدوروں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، جاں بحق ہونے والوں میں فاروق، نقیب اور صالح خان شامل ہیں۔
ان مزدوروں کے قتل کے خلاف لواحقین اور اہل علاقہ کا احتجاج جاری ہے۔ تاجہ زئی اڈہ میں لاشیں سڑک پر رکھ کر انڈس ہائی وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ مزدوروں کا کیا گناہ تھا کہ انہیں بے دردی سے شہید کیا گیا،حکومت ہمیں انصاف فراہم کرے۔ لواحقین کا مطالبہ تھا کہ قاتل جو بھی ہو انہیں انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے واقع کی مذمت کی اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلی کی پولیس کو فائرنگ میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملوث افراد قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے۔