پشاور میں بڑھتے ہوئے فائرنگ کے واقعات، دو بھائی قتل
پشاور کے علاقے گلبرگ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرتے ہوئے دو بھائیوں کو قتل کردیا جبکہ فائرنگ کی زد سے ان کے ساتھ موجود بچہ بچ گیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ گلبرگ کی حدود لیاقت بازار ٹیوب ویل چوک میں گزشتہ رات نامعلوم افراد کی فائرنگ سے موٹر سائیکل پر سوار ناصر اور اس کے بھائی حاجی سلیم شدید زخمی ہوگئے۔ جو علاج معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کرتے وقت زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
پولیس کا کہنا ہے ملزمان کی فائرنگ سے مقتول ناصر کا چھوٹا بیٹا عمر معجزانہ طور پر بچ گیا جس نے پولیس کو بتایا کہ ایک ہفتہ قبل اس کے والد اور چچا کی گلوزئی میں جھگڑا ہوا تھا۔
پولیس کے مطابق خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ مبینہ طور پر وہی تنازعہ ہو لیکن اس بارے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ مقتولین کے ورثا کی رپورٹ پر مقدمہ درج کیا جارہا ہے اور اصل حقائق جاننے کے لئے اور ملوث ملزمان کا سراغ لگانے کے لئے جامع تفتیش شروع کی گئی ہے۔
اور گزشتہ رات پشاور میں تھانہ فقیر آباد کی حدود میں ابابیل فورس نے چلتی گاڑی پر فائرنگ کرکے خواتین سمیت چار افراد کو زخمی کردیا۔ زخمی افراد حج کی سعادت حاصل کرنے کے بعد ایئرپورٹ سے گھر جارہے تھے۔
ابتدائی تفصیلات کے مطابق تھانہ فقیر آباد کی حدود میں پولیس نے گاڑی کو روکنے کا اشارہ کیا جو روکنے کی بجائے گاڑی پولیس پر چڑھا دی جس پر ابابیل سکواڈ نے گاڑی کو مشکوک جان کر پیچھے کی طرف سے ٹائر پر فائر کی جس سے گاڑی میں موجود افراد زخمی ہوگئے۔ جن کی حالت نارمل بتائی جاتی ہے ۔