ماں ہی وہ واحد ہستی ہے جو کبھی نہیں تھکتی
رانی عندلیب
ماں کہنے کو تو تین حروف کا مجموعہ ہے مگر اپنے اندر کل کائنات سمیٹے ہوتی ہیں۔ لفظ "ماں "میں جو مٹھاس اور خلوص ہے وہ دنیا کے کسی بھی لفظ میں نہیں۔ جس عورت کے لیے یہ لفظ بولا جاتا ہے اس میں کتنی مٹھاس ہوگی۔ کائنات میں ہر چیز کا پیمانہ ہے جیسے سورج کی روشنی۔ سورج، چاند، دن رات حتی کہ ہر ایک چیز کا ایک پیمانہ موجود ہے۔ سائنس اس وقت ترقی کے عروج پر ہے لیکن ماں کی محبت کا اپنی اولاد کے لیے کوئی پیمانہ نہیں بنا سکا اور نہ بناسکے گا۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سال مئی کے دوسرے ہفتے ماؤں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ مدرز ڈے کا کوئی ایک دن یا تاریخ مقرر نہیں ہے، درجنوں ممالک اس دن کو دوسرے مہینوں میں بھی مناتے ہیں، یہ دن جنوری، فروری اپریل اور مئی سمیت کچھ ممالک میں دسمبر میں بھی منایا جاتا ہے تاہم زیادہ ممالک میں اس دن کو مئی کے دوسرے اتوار کو منایا جاتا ہے۔
والدین خصوصا ماں کے احسانات ہم پر(اولاد) اتنے زیادہ ہیں کہ اپنی ساری زندگی ان کا شکر ادا کرنے پر لگا دے تو بھی کبھی حق ادا نہیں ہو سکتے۔ صرف ایک دن مدرز ڈے منا کر اس کا حق ادا کرنا میری نظر میں کچھ بھی نہیں۔ کیونکہ بچے کی پیدائش سے لے کر جب تک اس کی ماں زندہ ہوتی ہے اس وقت تک بچے کے لیے وہ جو کچھ بھی کرتی ہے اس کا احسان ایک دن میں اتارا نہیں جا سکتا۔
بچہ جب پیدا ہوتا ہے تو اس میں یہ پہچان نہیں ہوتی کہ اس کی ماں کون ہے؟ لیکن ماں کی خوشبو بچہ محسوس کرتا ہے۔ اسی طرح جب ماں کھانا بناتی ہے تو اس میں ماں کی محبت شامل ہوکر زیادہ ذائقے دار ہوجاتی ہے۔ دنیا میں والدین کا رشتہ ہی ایسا ہے جو بغیر کسی لالچ کے ہوتا ہے ماں ہی وہ واحد ہستی ہے جو بچوں کی خاطر نہ کبھی تھکتی ہے نہ اس کو نیند اتی ہے نہ اس کو اچھے کھانے پسند ہوتے ہے۔ ہر وقت اپنے بچوں کے لیے چہرے پر مسکان راتوں کو اٹھ کر تی تیماداری کرنا اور پسندیدہ کھانا اپنے بچوں کے سامنے رکھنا یہ صرف ماں ہی کرتی ہے۔
ماں کے بارے میں نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا ارشاد ہے۔ اے صحابہ کرام کیا میں تمہیں بتاؤں کہ سب سے بڑا گناہ کون سا ہے صحابہ کرام نے عرض کیا ۔ جی۔ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم تو ارشاد فرمایا ۔ سب سے بڑا گناہ اللہ تعالی کے ساتھ کسی کو شریک بنانا اور اپنے والدین کی نافرمانی کرنا ہے۔ ایک اور جگہ پر نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ جمعہ کے دن اپنے والدین کی قبر پر جایا کرو اللہ پورے ہفتے کے صغیرہ گناہ معاف فرما دیتا ہے۔ جو شخص چاہتا ہے کہ اس کے رزق میں اضافہ ہو تو اپنے والدین کے ساتھ نیک سلوک کریں ان پر صلہ رحمی کریں۔