لائف سٹائل

خیبرپختونخوا میں جاری بارشوں کے باعث 36 افراد جاں بحق

 

خیبرپختونخوا میں جاری بارشوں کے باعث اب تک 36 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے تیز بارشوں کے باعث صوبے میں جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں اب تک 36 افرادجاں بحق جبکہ 46 افراد زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 20 بچے 8 مرد اور 8 خواتین جبکہ زخمیوں میں 9 خواتین، 33 مرد اور 11 بچے شامل ہے۔ مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور 2391 مکانات کو نقصان پہنچا جس میں 388 گھروں کو مکمل جبکہ 2003 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع خیبر، دیر اپر و لوئر، چترال اپرولوئر، سوات، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مھمند، مالاکنڈ، کرک، ٹانک، مردان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بونیر، ہنگو، بٹگرام، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان،کوہاٹ، ڈی آئی خان اورکزئی میں رونما ہوئے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر پی ڈی ایم نے حالیہ بارشوں میں متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو جان بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کی مالی امداد اور امدادی سرگرمیوں کے لیے 110 ملین روپے جاری کیے۔

اس کے علاوہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع سوات، چترال لوئر ،باجوڑ، کوہستان لوئر، پشاور، نوشہرہ، مہمند، دیر اپر، ٹانک اور ڈی آئی خان کو امدادی سامان فراہم کر دیا گیا۔ امدادی سامان میں خیمے، چٹائیاں،کچن سیٹس،کمبل، بستر،ترپال، سولر لیمپس اور دیگر روزمرہ زندگی کی اشیاء شامل ہے۔

بارشوں کا سلسلہ 21 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو پہلے سے ہی الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے مراسلہ جاری کیا تھا۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی اپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button