جرائم
پشاور میں تین سالہ بچی اغواء کے بعد قتل
پشاور کے علاقے تھانہ خزانہ کی حدود میں تین سالہ بچی یمنی اغواء کے بعد بے دردی سے قتل کردی گئی۔ پولیس کے مطابق چارسدہ روڈ بخشو پل ، گاوں مسلم آباد ریاض گھڑی میں نامعلوم افراد نے پیر کے روز دن دو بجے یمنی نامی بچی کو گھر کے باہر سے اغواء کیا۔ جس کے بعد تھانہ خزانہ میں اغواء کا مقدمہ درج کیا گیا۔
اس کے بعد رات بارہ بجے گھر کے سامنے بچی کی لاش پھینک دی گئی اور ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ آئے روز اس طرح کے واقعات علاقے میں معمول بن چکے ہیں لیکن پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے اس کی روک تھام کے لئے کوئی خاص کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
بچی کے والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے انکو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔