خالدہ شاکر معاون حجاج سکیم میں 62 نمبرز لے کر نااہل، این ٹی ایس کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ
ناہید جہانگیر
معاون حجاج سکیم کے لئے ٹیسٹ کے نتیجے کا اعلان ہوگیا ہے جس کے مطابق وہ تمام سرکاری ملازمین جنہوں نے تحریری ٹیسٹ پاس کر لیا ہے وہ اب جسمانی ٹیسٹ پاس کریں گے جس کے بعد وہ مفت حج کی سعادت حاصل کریں گے۔
اس سکیم میں پشاور کی خالدہ شاکر نے بھی اپلائی کیا تھا۔ خالدہ شاکر ایک سرکاری سکول میں پرنسپل ہیں۔ انہوں نے اپنا نتیجہ این ٹی ایس ویب سائٹ پر دیکھا تو 80 میں سے 62 نمبر حاصل کیے تھے اور ساتھ میں لکھا تھا کہ وہ جسمانی ٹیسٹ کے لئے اہل نہیں ہیں۔
ہر انسان کو اپنی ناکامی پر دکھ ہوتا ہے پھر یہ تو 2024 حج کے لئے نا اہل ہوگئی جس کی ان کو بہت خواہش تھی کہ مالی حالت کی وجہ سے اپنے خرچے پر اگر وہ حج نہیں کر سکتی تو کیا ہوا وہ اس آفر سے ضرور اپنی محنت سے فائدہ اٹھائے گی لیکن شاید اللہ کو منظور نہیں تھا۔
خالدہ شاکر نے بتایا کہ اپنی ناکامی سے زیادہ وہ اس بات پر حیران و پریشان ہوئی جب انہوں نے اور لوگوں کا نتیجہ دیکھنا شروع کیا۔ این ٹی ایس ویب سائٹ پر موجود عقیل جاوید نامی ایک مرد نے 39 نمبر حاصل کئے تھے اور جسمانی ٹیسٹ کے لئے اہل قرار دیا گیا تھا۔ ساتھ میں ایک اور محمد رمضان نامی شخص 5 نمبروں کے ساتھ جسمانی ٹیسٹ کے لئے اہل تھے۔
یاد رہے کہ ہرسال حکومت پاکستان کے محمکہ مذہبی امور کی جانب سے سعودی عرب میں حج کے دوران معاون حج کے لئے سرکاری ملازمین کی خدمات لی جاتی ہے اور حج کے دوران تمام اخراجات حکومت کی جانب سے ادا ہوتے ہیں۔ یہ انتخاب گریڈ ، عمر اور اہلیت کی بنیاد پر ہوتا ہے۔
2024 حج کی ادائیگی کے لئے معاون حج سکیم کے تحت ہزاروں سرکاری ملازمین نے بھی اپنی درخواستیں جمع کی تھی جس میں گریڈ 15 سے 18 تک سرکاری ملازمین نے نیشنل ٹیسٹنگ سروس کا ٹیسٹ پاس کرنا تھا اور جو بھی یہ ٹیسٹ پاس کرے گا تو وہ جسمانی ٹیسٹ کے لئے اہل ہوگا۔ جس کے بعد اس نے معاون حجاج سکیم کے تحت حج پر جانا ہوگا اور سعودی عرب میں حج کے دوران حجاج کے انتظامی خدمات انجام دینے ہوں گے۔
خالدہ شاکر محمکہ مذہبی امور سے اپیل کرتی ہیں کہ این ٹی ایس نتیجہ کے خلاف ایکشن لے کر انکوائری کریں کہ انہوں نے کس بنیاد پر 62 نمبر پر ان کو نا اہل جبکہ 39 اور 5 نمبروں کو اہل قرار دیا ہے۔ اگر ویب سائٹ پر کوئی غلطی ہوئی ہے تو اس کو جلد از جلد درست قرار دیا جائے۔