لائف سٹائل

خیبرپختونخوا میں بارش کے دوران چھتیں گرنے سے 5 افراد جاں بحق

 

 

خیبرپختونخوا میں گزشتہ روز بارش کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔ پی ڈی ایم اے نے گزشتہ روز بارش/ژالہ باری کے باعث صوبے میں جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کی ہے۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق 5 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 4 بچے اور ایک خاتون جبکہ زخمیوں میں 5 بچے، دو خواتین اور 1 مرد شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے 4 گھروں کو جزوی نقصان بھی پہنچا۔ جانی و مالی حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع پشاور، نوشہرہ، باجوڑ اور شانگلہ میں رونما ہوئے۔

ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 کے مطابق ریسکیو 1122 کے خیبر پختونخوا کے تمام کنٹرول روم مکمل فعال ہیں۔ ریسکیو1122 کے ٹال فری نمبر 1122 پر کال کرکے خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے حالیہ بارشوں کی وجہ سے مختلف حادثات کے نتیجے میں صوبے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں کے لئے مالی امداد کا اعلان بھی کردیا۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ ریلیف اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کو مالی امداد کی فراہمی کے لئے ضروری کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف اور زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ 31 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button