سیاست

خیبر پختونخوا کی 15 رکنی کابینہ نے حلف اٹھالیا، 5 مشیر بھی شامل

محمد فہیم

خیبر پختونخوا کابینہ میں شامل ممبران نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاﺅس پشاور میں منعقد ہوئی۔ نومنتخب ممبران کابینہ سے حلف گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے لیا جبکہ اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور بھی موجود تھے۔ خیبر پختونخوا کیلئے 20 رکنی کابینہ تشکیل دی گئی ہے جس میں 15 وزراء اور 5مشیر شامل ہیں۔ حلف برداری کی تقریب میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری، آئی جی پولیس اختر حیات گنڈاپور اور دیگر انتظامی افسران نے شرکت کی۔

گورنر غلام علی نے خیبر پختونخوا حکومت کی نومنتخب کابینہ میں شامل ارشد ایوب، شکیل احمد، فضل حکیم، عدنان قادری، عاقب اللہ، محمد سجاد، مینہ خان، فضل شکور ، نذیر احمد عباسی، پختون یار، آفتاب عالم آفریدی، خلیق الرحمن، سید قاسم علی شاہ، فیصل ترکئی اور محمد ظاہر شاہ سے حلف لیا۔ اس موقع پر کابینہ ممبران نے عمران خان کی تصویر بھی میز پر رکھی تھی اور حلف برداری کے اختتام پر عمران خان کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی۔ واضح رہے کہ کابینہ میں 15 وزراء کے ساتھ ساتھ 5 مشیر بھی شامل ہیں جن میں سید فخر جہاں، مزمل اسلم،بیرسٹر محمد علی سیف، مشال اعظم اور زاہد چن زیب کو شامل کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مزمل اسلم ایک سے دو روز میں پشاور پہنچ کر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

حلف برداری کی تقریب گورنر ہاﺅس میں بدنظمی کا شکار
خیبر پختونخوا کی نو منتخب کابینہ کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاﺅس میں بدنظمی کا شکار ہوگئی۔ گنجائش سے زائد مہمانوں کی آمد کے باعث مہمانوں کو کھڑے ہو کر تقریب میں شرکت کرنی پڑی جبکہ حلف برداری کے بعد گورنر ہاﺅس کے جرگہ ہال میں قیدی نمبر 804 کے نعرے گونج اٹھے۔ نو منتخب کابینہ کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاﺅس پشاور کے جرگہ ہال میں شامل ساڑھے 6 بجے منعقد کی گئی۔ تقریب میں شرکت کیلئے آنیوالے ممبران کابینہ اپنے ساتھ پارٹی ورکرز کو بھی لے آئے۔ بڑی تعداد میں ورکرز کے آنے کی وجہ سے جرگہ ہال کھچا کھچ بھر گیا اور تل دھرنے کی جگہ بھی نہیں تھی ۔جرگہ ہال میں مہمانوں کے بیٹھنے کیلئے کرسیاں موجود تھیں تاہم کرسیاں کم اور مہمان تین گنا سے بھی زائد تھے جس کی وجہ سے ہال میں منعقدہ تقریب بدنظمی کا شکار ہوگئی۔ تقریب حلف برداری کے موقع پر عمران خان کے حق میں ایک بار پھر شدید نعرے بازی کی گئی۔ اس سے قبل وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی تقریب حلف برداری بھی بڑی تعداد میں مہمان آنے کی وجہ سے بدنظمی کا شکار ہوئی تھی۔

خیبر پختونخوا کی نو منتخب کابینہ میں 5 تجربہ کار اور 15 نئے چہرے شامل
خیبر پختونخوا کی نو منتخب کابینہ میں 15 نئے چہرے شامل کئے گئے ہیں جبکہ 5 ایسے ممبران ہیں جنہیں ماضی میں محکمے چلانے کا تجربہ حاصل رہا ہے۔ ارشد ایوب ماضی میں محکمہ آبنوشی کے صوبائی وزیر رہ چکے ہیں اسی طرح شکیل احمد گزشتہ دور میں محکمہ مال کے صوبائی وزیر رہ چکے ہیں۔ فضل شکور خان کو محکمہ قانون کا قلمدان گزشتہ حکومت میں سونپا گیا تھا جبکہ خلیق الرحمن گزشتہ 10سال سے صوبائی وزیر ہیں۔ انہوں نے محکمہ ترقی و منصوبہ بندی، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور اعلیٰ تعلیم کے محکموں کی وزارت چلائی ہے۔ بیرسٹر محمد علی سیف گزشتہ دور میں اطلاعات کے معاون خصوصی تھے۔ کابینہ میں شامل مینہ خان، فضل حکیم، محمد سجاد، عدنان قادری، عاقب اللہ، نذیر احمد عباسی، پختون یار، آفتاب عالم آفریدی، سید قاسم علی شاہ، فیصل ترکئی اور محمد ظاہر شاہ پہلی مرتبہ کابینہ کا حصہ بنے ہیں۔ اسی طرح مشیروں میں سید فخر جہاں، مشال اعظم اور زاہد چن زیب بھی پہلی بار محکمہ کا قلمدان سنبھالیں گے جبکہ مشیر مزمل اسلم ماضی میں وزارت خزانہ کے ترجمان رہے ہیں اور پہلی مرتبہ خود محکمہ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔

کابینہ میں 15 اضلاع سے نمائندگی ، صوابی سے 4 ممبران شامل
خیبر پختونخوا کی کابینہ میں 4 ممبران کا تعلق صوابی، دو کا پشاور سے ہے جبکہ ایک ایک ممبر 13 اضلاع سے لیا گیا ہے۔ قبائلی اضلاع سے صرف ایک ممبر کابینہ کا حصہ ہوگا دیر اپر اور لوئر سے کوئی بھی ممبر کابینہ میں شامل کیا جاسکا جبکہ ایک مشیر کا تعلق کراچی سے ہے۔ صوابی سے سابق سپیکر اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ، سابق صوبائی وزیر شہرام ترکئی کے بھائی فیصل ترکئی، بیرسٹر محمد علی سیف اور مشال اعظم یوسفزئی کابینہ میں شامل کئے گئے ہیں۔ پشاور سے سید قاسم علی شاہ اور مینہ خان آفریدی کابینہ میں شامل ہیں۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے مزمل اسلم ، سوات سے فضل حکیم ،بونیر سے سید فخر جہاں ، ملاکنڈ سے شکیل احمد ،مردان سے ظاہر شاہ طورو ،چارسدہ سے فضل شکور ، نوشہر سے خلیق الرحمن ، ایبٹ آباد سے نذیر عباسی ، ہری پور سے ارشد ایوب، مانسہرہ سے زاہد چن زیب، خیبر سے عدنان قادری ، کوہاٹ سے آفتاب عالم ،کرک سے محمد سجاد اور بنوں سے پختون یار کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔

کابینہ کیلئے نامزد متعدد سینئر ممبران کے نام آخری لمحات میں ڈراپ
خیبر پختونخوا کابینہ کیلئے نامزد سینئر ممبران کے نام آخری لمحات میں ڈراپ ہوگئے۔ نئے چہروں نے پی ٹی آئی کو بھی حیران کردیا۔ ذرایع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کیساتھ مشاورت کیلئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اڈیالہ جیل گئے تھے جو نام تجویز کئے گئے تھے ان میں 7 نام ڈراپ ہوگئے اور عمران خان کی ہدایت کے بعد نئے نام شامل کئے گئے۔ جو نام ڈراپ کئے گئے ہیں ان میں سابق سپیکر مشتاق غنی، تیمور جھگڑا، ڈاکٹر امجد، ریاض خان، عار ف احمد زئی، عبدالکریم تورڈھیر اور انور زیب خان شامل ہیں۔ یہ نام ابتدائی مشاورت میں منظور کرلئے گئے تھے اور پارٹی تنظیم بھی انہیں ناموں پر متفق ہوگئی تھی تاہم وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بعد کئی نئے نام کابینہ کیلئے شامل کرلئے گئے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سپیکر صوبائی اسمبلی کیلئے بھی پی ٹی آئی کی جانب سے عاقب اللہ کا نام دیا گیا تھا تاہم عید وقت پر ان کا نام ڈراپ کرکے بابر سلیم سواتی کو سپیکر صوبائی اسمبلی نامزد کردیا گیا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button