سیاست

خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب آج کیا جائے گا

خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلی میں نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کیلئے ووٹنگ آج ہوگی۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نامزد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا مقابلہ ڈاکٹر عباد اللہ خان سے ہوگا۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم سواتی صوبائی اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ثریا بی بی ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئی تھیں۔ بلوچستان اسمبلی اپنے قائد ایوان اور صوبے کے نئے وزیراعلیٰ انتخاب ہفتے کے روز کرے گی۔

وزارت اعلیٰ کے عہدے کیلئے کاغذات نامزدگی آج شام 5 بجے تک وصول کیے جائیں گے۔ بلوچستان کی صوبائی اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے عبدالخالق اچکزئی بلامقابلہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی اور پیپلزپارٹی کی غزالہ گولہ بلامقابلہ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوچکی ہیں۔

قومی اسمبلی میں ایوان کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے پولنگ آج ہوگی، وزیراعظم کا انتخاب تین مارچ کو کیا جائے گا۔ گزشتہ روز ہنگامہ خیز اجلاس میں قومی اسمبلی کے 336 میں سے 302 ارکان نے حلف اٹھایا تھا۔

جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسپیکر ڈپٹی اسپیکر، اور وزیر اعظم کےانتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ یہ اسمبلی عوام کی نمائندگی نہیں کرتی، ووٹ استعمال نہیں کریں گے، اپوزیشن میں بیٹھیں گے۔

عوامی نیشنل پارٹی نے بھی پارلیمانی الیکشن کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اسفند یار ولی خان نے کہا ہے کہ اے این پی کے اراکین کسی اسمبلی، سینیٹ میں انتخابی عمل کا حصہ نہیں ہوں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button