سیاست

خیبر پختونخوا کی نگران کابینہ کا انتخاب مکمل، نئے وزراء بھی لئے جانے کا امکان

 

آفتاب مہمند

خیبر پختونخوا کی نگران کابینہ کا انتخاب مکمل کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پچھلی کابینہ کے بیشتر وزراء نئے نگران صوبائی کابینہ کا حصہ ہونگے۔ ذرائع کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ نئی نگران صوبائی کابینہ میں نئے وزراء بھی لئے جانے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں نئے وزراء کے ناموں پر مشاورت کا عمل بھی جاری ہے۔ سابق نگران کابینہ کے وزراء، معاون خصوصی اور مشیر دوبارہ اپنے قلمدانوں کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

اس سلسلے میں نئی نگران کابینہ کی باقاعدہ طور پر گورنر ہاوس، پشاور میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہوگی جہاں گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نگران کابینہ سے حلف لیں گے۔ نگران کابینہ کی حلف برداری تقریب آج ہونے کا قوی امکان ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل سابق نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی وفات کے بعد صوبائی کابینہ بھی تحلیل ہو گئی تھی۔ نگران کابینہ کی کل تعداد 15 تھی جو سابق نگران وزیر اعلی، 11 نگران صوبائی وزراء، 2 مشیروں اور ایک معاون خصوصی پر مشتمل تھی۔ آئین کی رو سے خیبر پختونخوا میں 16 وزرا، 5 مشیر کابینہ میں لیے جاسکتے ہیں جبکہ کابینہ میں معاون خصوصی کی تعداد رکھنے پر آئینی لحاظ سے کوئی پابندی نہیں۔

یہ بھی پڑھیں۔ خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ اعظم خان وفات پاگئے

نئی کابینہ کی تشکیل سے قبل ہی یعنی گزشتہ روز نگران وزیراعلی کا انتخاب ہو چکا ہے۔ سابق وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کی مشاورت سے گزشتہ روز نگران وزیراعلی کیلئے جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کے نام پر اتفاق ہو جانے کے بعد گورنر حاجی غلام علی نے انکے نام کی منظوری دی تھی۔ اسی طرح گزشتہ روز ہی گورنر حاجی غلام علی نے سید ارشد حسین شاہ سے نگران وزیراعلی کا حلف لیا تھا جس کے بعد وہ اپنی ذمہ داریاں سے سنبھال چکے ہیں۔

یاد رہے کہ جنوری 2023 میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے خیبر پختونخوا حکومت چھوڑ جانے کے بعد صوبے میں تیسری مرتبہ نگران کابینہ بننے جارہی ہے۔ پہلے تحریک انصاف کی حکومت چھوڑ جانے کے بعد نگران کابینہ بنی تھی۔ دوسری مرتبہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی شکایت پر پہلی کابینہ کو تحلیل کرکے دوسری مرتبہ بنی تھی اور اب سابق نگران وزیر اعلی محمد اعظم خان کی وفات کے بعد کابینہ تحلیل ہو کر تیسری مرتبہ بننے جا رہی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button