کھیل

ورلڈکپ: سری لنکا کو شکست دے کر افغانستان کی پوائنٹس ٹیبل پر 5ویں پوزیشن

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں افغانستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں تیسری فتح حاصل کرلی اور سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوگیا۔

بھارتی شہر پونے میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے 30 ویں میچ میں افغانستان ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر سری لنکن کپتان کوشل مینڈیس کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر سری لنکا نے افغانستان کو جیت کے لیے 242 رن کا ہدف دیا۔

سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز اوپننگ بیٹر پتھم نسانکا اور دیموتھ کرونارتنے نے کیا لیکن یہ اوپننگ جوڑی افغانستان کے بولروں کے سامنے اپنی ٹیم کو زیادہ اچھا آغاز فراہم نہ کرسکی۔

پانچویں اوور میں دیموتھ کرونارتنے فضل حق فاروقی کی گیند پر 15 رن بناکر پویلین لوٹ گئے اس کے بعد پتھم نسانکا 60 گیندوں پر 46 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس کے  بعد سری لنکا کی تیسری وکٹ مجیب الرحمان کے حصے میں آئی جب انہوں نے 39 رن پر کپتان کوشل مینڈیس کو واپسی کی راہ دکھائی اس کے بعد مجیب نے ہی سدیرا سماراوکرما کو صرف 4 رن پر  ایل بی ڈبلیو کردیا۔

 

ان کے علاوہ چیریتھ اسالنکا نے 22 اور اینجلیو میتھیوز نے 23 رن کی اننگ کھیلی۔ سری لنکا کی ٹیم 49.3 اوور میں 241 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ فضل حق فاروقی نے 34 رن دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

افغانستان کی ٹیم نے 242 رن کے ہدف کے تعاقب میں شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کیا اور 242 رن کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 46 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

افغان بلے باز رحمت شاہ نے 62 اور ابراہیم زدران نے 39 رن کی اننگز کھیلیں، رحمان اللہ گرباز صفر پر آؤٹ ہوئے۔

عظمت اللہ عمرزئی 73 رن کے ساتھ ناقابل شکست رہے، ان کی اننگز  میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔

ان کے ساتھ حشمت اللہ شاہدی بھی 58 رن کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ سری لنکا کی جانب سے دلشان مدو شاناکا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ادھر انگلینڈ اور پاکستان کے بعد سری لنکا کو بھی شکست دے کر  افغانستان کی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوگئی ہے۔

افغان ٹیم 6 پوائنٹ کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر آگئی ہے، افغانستان نے پوائنٹ ٹیبل پر پاکستان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button