ملکی معاشی حالات تشویشناک ہیں مگر مجھے اچھی امید ہے: نواز شریف
سابق وزیراعظم نواز شریف کی پرواز پاکستان ساڑھے 12 بجے پہنچے گی۔ نواز شریف چار سال بعد وطن واپس آ رہے ہیں۔ نواز شریف نے ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج چار سال بعد پاکستان جا رہا ہوں، ملکی معاشی حالات تشویشناک ہیں مگر مجھے اچھی امید ہے۔
اپنے ملک واپسی کی خوشی ہے، میرے خلاف مقدمات سے ملک کو نقصان ہوا، ملک میں اضطراب کی صورتحال ہے۔ ملک معاشی معاشرتی اور ہر لحاظ سے پیچھے گیا جس کا افسوس ہے، ہم نے حالات خود بگاڑے ہیں اور خود ہی ٹھیک کریں گے۔
الیکشن کب کرانے ہیں یہ الیکشن کمیشن کا اختیار ہے۔ ان کا کہنا تھا ہم 28 مئی والے ہیں 9 مئی والے نہیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی آمدکے موقع پر مینار پاکستان میں جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جلسہ گاہ میں 30 فٹ بلند، 20 فٹ چوڑا اور 120 فٹ طویل اسٹیج تیارکیا گیا ہے۔
اسٹیج پر نواز شریف کے خطاب کیلئے بلٹ پروف کیبن لگایا گیا ہے۔ پنڈال میں قومی اسمبلی کے حلقوں کے الگ الگ انکلیو بنائے گئے ہیں، اس کے علاوہ پنڈال میں خواتین، یوتھ، لائرز اور مینارٹی ونگ کے لیے الگ الگ انکلیو بنائے گئے ہیں۔