سعودی عرب نے 12 ہزار افغان شہریوں سے پاکستانی پاسپورٹ بر آمد کر لیے
افغان شہریوں کو بڑی تعداد میں پاکستانی پاسپورٹ جاری کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب نے 12 ہزار افغان شہریوں سے پاکستانی پاسپورٹ بر آمد کر لیے جس کے بعد ڈی جی پاسپورٹس ڈائریکٹوریٹ مصطفیٰ قاضی اور ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کر دیں۔
ذرائع کے مطابق جعلی پاسپورٹ بنانے والے گروہ کے مرکزی ملزم کو لاہور سے گرفتار کیا گیا ہے جبکہ پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ اسلام آباد کا ایک حاضر اور ایک ریٹائرڈ ملازم بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق افغان شہریوں کو پاکستانی پاسپورٹ جعلی شناختی کارڈز پر جاری کیے گئے تھے۔
پاکستانی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے۔ معاملے کی پوری چھان بین اور نادرا ڈیٹا بھی کاؤ نٹر چیک کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے تمام غیر قانونی تارکین وطن سے 30 اکتوبر تک رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑنے کی درخواست کی ہے اور ڈیڈ لائن کی میعاد ختم ہونے کے بعد گرفتاریوں اور ملک بدری کی وارننگ بھی دی ہے۔ حکومتی ڈیڈلائن کے بعد اب تک کئی افغان خاندان طورخم کے راستے افغانستان جاچکے ہیں۔