خیبر پختونخوا: بلیک ڈالرز کی سیاہی مٹانے کی ویڈیو سامنے آگئی
آفتاب مہمند
خیبر پختونخوا میں بلیک ڈالرز مارکیٹ میں آنے کے انکشاف کے بعد ڈالر کی سیاہی مٹانے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔
ایف آئی اے و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کیجانب سے ایک طرف جہاں ڈالر اسمگلرز، بلیک مارکیٹ، ہنڈی حوالہ، غیر قانونی طور پر کرنسی کے کاروباریوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تو ایسے میں مارکیٹ میں بلیک ڈالر کو قابل استعمال بنانے کے لیے سیاہی کو کیمیکل کے ذریعے مٹانے کی ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بعض افراد بلیک ڈالر کو کیمیکل کے ذریعے صاف کررہے ہیں۔
مذکورہ ویڈیو وائرل ہو جانے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تفتیش شروع کر دی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کیجانب سے بلیک ڈالر کو کیمیکل کے ذریعے صاف کرنے والی سیاہی مارکیٹ تک پہنچنے کے حوالے سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔ اسی طرح ملوث افراد کی بھی تحقیقات ہو رہی ہیں۔
یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں بلیک مارکیٹ، ہنڈی حوالہ، ڈالر سمگلرز و کرنسی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کاروائیوں کے سلسلے میں اب تک کئی افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اسی طرح کروڑوں میں کرنسی و ڈالرز بھی بر آمد کیے جا چکے ہیں۔ ایک ہفتہ قبل موٹر وے پر ایک گاڑی سے دو لاکھ بلیک ڈالرز بھی برآمد ہوئے تھے اور ایک ملزم کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔