پشاور : چرسی تکہ کا مالک ضمانت پر رہا
پشاور کے مشہور ریسٹورنٹ چرسی تکہ کے مالک کو ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ فہیم احمد نے معروف ریسٹورنٹ چرسی تکہ کے مالک نثار خان کو ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔ ملزم نثار خان نے ضمانت ملنے کیلئے پشاور کے مقامی عدالت سے رجوع کیا تھا۔ ضمانت ملنے کیلئے نثار خان خود عدالت میں پیش ہوئے تھے۔
یاد رہے پشاور کے مشہور تکہ فروش چرسی کے مالک کو پولیس نے گزشتہ روز گرفتار کیا تھا۔ ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق چرسی تکہ کا مالک ملکی و غیرملکی سیاحوں کے ساتھ غیر اخلاقی حرکات کرتا تھا۔ انکی گرفتاری ملکی و غیر ملکی سیاحوں کیساتھ غیر اخلاقی حرکات کی ویڈیوز سامنے آنے اور عوامی شکایات کے بعد عمل میں لائی گئی تھی۔
شکایات کے بعد تھانہ شاہ قبول پولیس نے فوری کارروائی کرکے مشہور چرسی تکہ کے مالک نثار خان کو گرفتار کیا تھا۔ کچھ ویڈیوز وائرل ہوئی تھی جس میں نثار خان سیاحوں کیساتھ غیر اخلاقی حرکات کرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔