9 مئی واقعات میں ملوث مشہور ٹک ٹاکر عمران خان عرف چیتا گرفتار
پشاور میں 9 مئی واقعات میں ملوث مشہور ٹک ٹاکر عمران خان عرف چیتا کو گرفتار کرلیا گیا۔ عمران خان کو پشاور کے تھانہ خان رازق پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
ملزم پر 9 مئی کو احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کا الزام ہے۔ تھانہ خان رازق پولیس کے مطابق ملزم نے غلیل کے ذریعے پولیس اور سرکاری عمارتوں پر پتھراؤ کیا تھا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ ملزم کے خلاف تھانہ خان رازق شہید میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
مقدمہ درج کرنے کے بعد ملزم پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم 09 مئی کے بعد روپوش تھا جبکہ پولیس مسلسل انکی تلاش میں تھی۔ اپنے ذرائع سے انفارمیشن کی بنیاد پر کاروائی کرکے ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
9 مئی کے توڑ پھوڑ مقدمات میں نامزد ملزم عمران خان عرف چیتا کو پولیس نے گرفتار کرکے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر دیا ہے۔
عدالت نے ٹک ٹاکر کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پشاور پولیس نے ملزم سے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔