سینئر صحافی فیاض ظفر کو سوات پولیس نے گرفتار کرلیا
سوات سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی فیاض ظفر کو سوات پولیس نے گرفتار کرلیا۔
سوات میں وائس آف امریکہ ( ڈیوہ ریڈیو) اور روزنامہ مشرق کے نمائندے فیاض ظفر نے فیس بک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ڈپٹی کمشنر سوات کے آفس میں شدید تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد انہیں سوات جیل منتقل کردیا ہے۔
فیاض ظفر کے بقول انہیں حق لکھنے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا جبکہ پولیس کے مطابق صحافی فیاض ظفر کو 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔
ادھر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے صدر شمیم شاہد اور سیکرٹری جنرل راجہ ریاض نے سوات کے سینئر صحافی فیاض ظفر کے گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے فوری طور پر اس کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
شمیم شاہد اور راجہ ریاض نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ فیاض ظفر کو سوات پولیس نے بدھ کی رات 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کر لیا۔
انہوں نے کہا کہ فیاض ظفر کا شمار نہ صرف وادی سوات بلکہ خیبر پختونخوا کے کارکن صحافیوں میں سر فہرست ہے، وہ کسی بھی سیاسی جماعت یا گروپ کا کارکن نہیں۔ تاہم ایک صحافی کی حیثیت سے انہوں نے ہمیشہ عوام کو درپیش مشکلات بالخصوص سوات میں دہشت گردی سے پیدا شدہ صورتحال کو اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔