دو روز قبل لاپتہ ہونے والے پشاور کے صراف کی لاش مل گئی
آفتاب مہمند
دو روز قبل لاپتہ ہونے والے پشاور کے معروف صراف الحاج آصف اپنی ہی گاڑی میں مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔
الحاج آصف صراف کے چھوٹے بھائی وسیع اللہ کے مطابق وہ پشاور کے علاقہ گلبہار کے رہائشی ہیں اور خاندانی طور پر صراف ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انکا بڑا بھائی آصف صراف دو روز قبل دوپہر کو اپنے گھر سے نکلا تھا۔ گھر سے نکلنے کے بعد وہ لاپتہ ہو گیا۔ اہل خانہ نے جب انکی تلاش شروع کردی تو سب سے پہلے انکے موبائل پر کال کرنے کی کوشش کی گئی تاہم موبائل نمبر بند آرہا تھا۔ جمعرات کے روز اہل خانہ کو معلوم ہوا کہ انکی گاڑی پشاور کے تھانہ خان رازق کی حدود میں واقع ایک پارکنگ میں موجود ہے۔ پارکنگ پہنچنے پر آصف کو اپنی ہی گاڑی میں مردہ حالت میں پایا گیا جسکے بعد فوری طور پر تھانہ خان رازق پولیس کو رپورٹ کیا گیا۔ آصف بھائیوں میں سب سے بڑے تھے اور انکی اچانک وفات اہل خانہ کیلئے ایک بہت بڑا دھچکا ہے۔
اس حوالے سے رابطہ کرنے پر تھانہ خان رازق پولیس نے ٹی این این کو بتایا کہ صراف حاجی آصف کے بھائی وسیع اللہ نے گزشتہ روز جونہی پولیس کو رپورٹ کیا کہ انکے بھائی کی لاش گاڑی میں موجود ہے تو انہوں نے فوری طور پر رپورٹ درج کرکے سراغ لگانے کی خاطر 156(3) انکوائری شروع کردی۔ افسران بالا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اصل وجوہات معلوم کرنے کیلئے ایس پی سٹی عبدالسلام خالد کی سربراہی میں خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی۔ صراف کی موت کی وجہ معلوم کرنے کی خاطر نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانہ منتقل کردیا گیا ہے۔
ابتدائی طور پر قریبی لیڈی ریڈنگ ہسپتال اور نواح میں موجود نصب سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر اہم شواہد کی روشنی میں جامع تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
تھانہ خان رازق پولیس نے مزید بتایا کہ اس بات کی بھی تفتیش کی جارہی ہے کہ گاڑی یہاں کون لایا تھا اور کیسے مذکورہ پارکنگ تک پہنچی جبکہ مختلف مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز بھی حاصل کی جارہی ہے۔
خصوصی ٹیم متوفی صراف کا موبائل ڈیٹا اور آخری لوکیشن بھی چیک کررہے ہیں۔ اسی طرح مختلف پہلو پر تفتیش جاری ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد مزید حقائق سامنے آجائیں گے۔