نوشہرہ: قاضی حسین میڈیکل کمپلکس کی لیڈی ڈاکٹر کا ہراسگی کا الزام
سیدندیم مشوانی
نوشہرہ کے ہسپتال قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلکس میں لیڈی ڈاکٹر کو ہراساں کرنے اور زدوکوب کرنے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلکس نوشہرہ میں فیزیو تھراپی ڈیپارٹمنٹ کی انچارج لیڈی ڈاکٹر حمیرا شوکت نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کو نوشہرہ میڈیکل کالج کے ڈاکٹر عامر اور کلرک عمیر نے فیزیو تھراپی ڈیپارٹمنٹ کے اندر دوران ڈیوٹی ہراساں کیا۔
لیڈی ڈاکٹر حمیرا شوکت کی جانب سے مذاحمت کرنے پر ڈاکٹر عامر اور کلرک عمیر نے لیڈی ڈاکٹر حمیرا شوکت کو زدوکوب کیا چادر کھینچی اور منہ پر کئی مرتبہ تھپڑ مارے۔ تھانہ نوشہرہ کلاں پولیس کے تفتیشی انچارج سب انسپکٹر محمد آصف خان کے مطابق لیڈی ڈاکٹر حمیرا شوکت کی تحریری شکایت پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ کے حکم پر فوری مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ دونوں ملزمان ارتکاب جرم کے بعد فرار ہوگئے۔
قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلکس کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلکس نوشہرہ حکام کے مطابق یہ واقعہ افسوس ناک ہے اور اس حوالے سے انکوائری کا باقاعدہ حکم دے دیا گیا ہے۔