بنوں میں پولیو ٹیم پر حملے کے نتیجے میں پولیس اہلکار جاں بحق
سلمان علی خان
بنوں میں پولیو ٹیم پر نامعلوم افراد کے حملے میں پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق میریان روڈ پر پولیو ٹیم پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں پولیو ٹیم کیساتھ ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار کامران زخمی ہوا ہے۔
زخمی پولیس اہلکار کامران کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخموں کی تاب نہ لاکر وہ جاں بحق ہوگیا۔ واقعہ اخوند خیل پمپ کے سامنے رونما ہوا، ملزمان فرار ہوگئے۔
واقعے کے بعد پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ حملے کے بعد علاقے میں پولیو مہم کو روک دیا گیا ہے۔
خیال رہے رواں برس اب تک ملک میں پولیو کے دو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور دونوں کا تعلق ضلع بنوں سے ہے۔
اینڈ پولیو پاکستان کے مطابق گزشتہ برس 2022 میں پاکستان میں 20 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے جو سب کے سب پختونخوا سے رپورٹ ہوئے۔ سنہ 2021 میں صرف ایک پولیو کیس بلوچستان سے رپورٹ ہوا تھا۔
سنہ 2020 میں ملک بھر سے 84 پولیو کیسز جبکہ 2019 میں 147 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے جو کہ پولیو کیسز کی بلند ترین شرح تھی۔ اس وقت ملک بھر میں پولیو کیسز کی سب سے زیادہ شرح خیبر پختونخوا میں ہے۔