طورخم بارڈر: پیدل آمد ورفت پر پابندی کے خلاف مزدور سراپا احتجاج
پاک افغان طورخم بارڈر پر مزدور طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد پیدل آمد ورفت پر پابندی کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔
اس سلسلے میں آج طورخم کے مقام پر کئی مزدوروں نے ہاتھوں میں کالے جھنڈے اٹھا کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ نعرہ بازی کرتے ہوئے مزدوروں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انہیں طورخم بارڈر پر محنت مزدوری کرنے کے لیے دونوں اطراف سے آمد و رفت کی اجازت دی جائے تاکہ وہ بھی محنت مزدوری کرکے اپنے بچوں کے لئے حلال روزی کما سکے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ بارڈر کراس کرتے وقت انہیں پیدل آمد ورفت میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لہذا حکومت فوری طور پر اس پالیسی پر نظر کرکے ان کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں۔
دوسری جانب طورخم کسٹم حکام کے مطابق بارڈر پر پاسپورٹ ویزہ کے بغیر کسی فرد کو افغانستان جانے اور پاکستان آنے کی اجازت نہیں ہے۔ بارڈر پالیسی کے مطابق بارڈر کے آر پار پاسپورٹ ویزہ کے بغیر نقل و حرکت پر پابندی عائد ہے لہذا قانون کے مطابق کسی کو بھی بغیر پاسپورٹ ویزہ نقل و حرکت کی اجازت نہیں دی جا سکتی، جو بھی شخص دونوں اطراف سے نقل و حرکت کرے گا اس کے پاس ویزہ لازمی رکھنا ہو گا۔