پشاور میں پبلک سروس کمیشن کا افسر نامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل
پشاور کے علاقے شاہ پور گاؤں دوران پور میں نامعلوم افراد نے پبلک سروس کمیشن کے شعبہ امتحانات کے ڈائریکٹر ارشد خان کو گولی مار قتل کردیا۔ مقتول اپنے ڈرائیور اسماعیل خان کے ساتھ چارسدہ سے ڈیوٹی کے لیے ارہا تھا کہ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کردی۔ حادثے میں ڈرائیور معجزانہ طور پر بچ گئے۔
ایل آر ایچ ہسپتال پولیس کے مطابق ارشد خان ولد حمداللہ سکنہ چارسدہ حال دوران پور کو سرکاری گاڑی میں دوران پور رنگ روڈ کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس فوری موقع پر پہنچ گئی اور نعش کو تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردی ہے جبکہ جائے وقوعہ سے دو عدد 30 بور پستول کے خالی خول اور دیگر اہم شواہد اکٹھا کرلیے گئے ہیں جس کی روشنی میں مختلف پہلوؤں پر جامع تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔ مقتول کے ورثاء آنے پر اصل حقائق معلوم کرنے کے بعد باقائدہ مقدمہ درج کیا جائے گا۔