خیبر پختونخوا میں تیز بارشوں کے باعث حادثات، 11 افراد جاں بحق
خیبر پختونخوا میں تیز بارشوں سے 9 افراد جاں بحق اور سات افراد زخمی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے صوبے میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے اعدادوشمار جاری کیے گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں تیزبارشوں کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں 9 افراد جاں بحق اور سات لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
خیبر پختونخوا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران سوات میں دو، بٹگرام میں دو، مانسہرہ میں چار اور بونیر میں ایک شخص کی جان گئی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق سیلاب اور بارشوں سے7 گھر تباہ ہوئے جب کہ 67 گھروں کو جزوی نقصان ہوا، چترال لوئر میں سیلاب سے 39 اور اپر چترال میں 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
محکمہ ریلیف کے سیکرٹری کے مطابق بارشوں اورسیلاب سے متاثرہ اضلاع کےلیے 6 کروڑ روپے جاری کردیے گئے ہیں، چترال اپر اور چترال لوئر کے لیے دو دو کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ بنوں اور شانگلہ کے لیے ایک ایک کروڑ روپے جاری کیے گئے، ہیں۔
ادھر محکمہ ریلیف کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ چترال اپر کے متاثرہ خاندانوں کو امدادی سامان فراہم کر دیا گیا ہے اور لوئر چترال کے حساس علاقوں کی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا تھا۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دیر لوئر روڈ کو ٹریفک کے لیے کلیئر کر دیا گیا ہے۔
ادھر سوات کی تحصیل بحرین کے علاقے مدین میں مکان کی چھت پر پہاڑی تودہ گرگیا، جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر 2 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ 3 زخمیوں کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر فوری آپریشن شروع کردیا، اہلکاروں نے ملبے میں دبے 5 افراد کو نکالا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے سول ہسپتال مدین منتقل کر دیا۔
ہسپتال منتقلی کے بعد ڈاکٹروں نے 2 افراد کی جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی جبکہ باقی 3 افراد اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔